ویلنگٹن ۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 میں شاداب خان قیادت کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق لیگ اسپنر شاداب خان نے فٹنس مسائل سے صحت حاصل کرلی ہے اور انہوں نے ٹریننگ سیشن میں بھرپور پریکٹس کی جب کہ بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ ڈرلز میں شرکت کرکے اپنی فٹنس کا ثبوت دیا۔ شاداب خان کے فٹ ہونے پر ٹیم انتظامیہ نے بھی راحت کی سانس لی ہے۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے شاداب خان سے پہلے میچ کے لیے ممکنہ پلینگ الیون کے حوالے سے بھی ابتدائی مشاور ت کی۔ پی ایس ایل میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے کا تجربہ رکھنے والے شاداب خان پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم کی جانب سے ٹاس کرنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔واضح رہے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی 20 جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ پاکتسانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے سیریز سے باہر ہونے پر قیادت کے حوالے سے سوالیہ نشان لگا ہوا تھا۔