شادنگرمیں3.5لاکھ مالیتی گانجہ ضبط محکمہ اکسائزکی کاروائی‘ملزم گرفتار

   

شادنگر 5 ؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر حلقہ کے صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے مہاجر مزدوروں کو نشانہ بناتے ہوئے، ملک کی دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد انہیں گانجے فروخت کرتے ہوئے گانجے کا عادی بنا رہے ہیں۔ صنعتی علاقوں میں ملازمت کے لیے آنے والے مزدوروں کو نشہ کی لت لگاتے ہوئے ایک شخص غیر قانونی طور پر گانجہ فروخت کر رہا تھا ، جسے ایکسائز پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر، ایکسائز حکام نے چھاپے مارا اور لاکھوں روپیوں مالیت کا گانجہ رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ رنگا ریڈی ضلع ممنوعات و ایکسائز افسر اْجولا ریڈی نے شادنگر ایکسائز پولیس دفتر میں منعقدہ میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے تفصیلات سے واقف کروایا۔ اْجولا ریڈی نے کہا کہ نندی گاوں کے قریب واقع “اَیّپا سوامی مندر” کے پاس ایک چھوٹی ہوٹل اور کریانہ کی دکان چلانے والا شخص جس کا نام پِنتو سنگھ جس کا تعلق بہار ریاست سے ہے ، شمالی بھارت کی کچھ ریاستوں سے گانجہ منگوا کر یہاں صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے دوسرے ریاستوں کے مزدوروں کو خاموشی سے فروخت کر رہا تھا۔ محکمہ ایکسائز نے ایک ہفتہ تک نگرانی کرنے کے بعد، ہفتہ کے دن مذکورہ شخص کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے 2.250 کلوگرام خشک گانجہ اور 9.13 کلوگرام گانجے کے چاکلیٹس کو ضبط کرلیا۔ ان اشیاء کی قیمت تقریباً 3.5 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم سے مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور تفتیش مکمل ہونے کے فوری بعد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس کارروائی میں نندی گاوں ایریا ایکسائز سب انسپکٹر سْنی ، شادنگر ایریا سب انسپکٹر سرینواس ، اور ایکسائز اہلکار روی ، سدھیر ، ونود ، راجیاہ ، روہت اور دیگر ملازمین موجود تھے۔