شادی سے انکار پر نوجوان لڑکی کی عصمت ریزی، بوڑھا بحرینی گرفتار

   

لڑکی کو دھوکہ سے فروخت کرنے والا جوڑا فرار ، ڈرامائی واقعہ کا انکشاف

حیدرآباد ۔ 2مارچ ( پی ٹی آئی / سیاست نیوز) بحرین کے ایک 60سالہ شہری کو پیر کے روز گرفتار کرلیا گیا جس نے ایک 25سالہ نوجوان لڑکی کو ایک کرایہ کے گھر میں محروس رکھتے ہوئے لگاتار کئی دن تک اس کی عصمت ریزی کی تھی ۔ پولیس نے کہا کہ 60سالہ موظف میل نرس نے اس لڑکی کو 25فبروری سے کرایہ کے گھر میں زبردستی رکھ لیا تھا جہاں اس کی مسلسل کئی دن تک عصمت ریزی کرتا رہا اور بچنے کے لئے لڑکی کی کوشش پر اس کو سگریٹ کے دیتا ہوا پاؤں جلا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق یہ بحرینی شہری چند دن قبل نامپلی کی ایک ہوٹل میں قیام کیا تھا اور وہاں مقامی افراد سے رابط کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس شہر کی کسی لڑکی سے شادی کرنا چاہتاہے ۔ ایک مقامی فرد اس کیلئے لڑکی کا انتظام کرنے تیار ہوگیا ۔ چنانچہ اس نے 25فبروری کو اس لڑکی اور اس کی بڑی بہن کو ان کے گھر کی فروخت کے بہانے بات چیت کیلئے آنے کیلئے کہا تھا ۔ جیسے وہ پہنچیں انہیں بحرینی بوڑھے سے ملایا گیا اور بحرینی نے ان دو میں سے کسی ایک سے شادی کی پیشکش کی لیکن دونوں ہی بہنوں نے اس کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا ۔ بعد ازاں بحرینی نے مقامی فرد اور اس کی بیوی سے کہا کہ وہ چھوٹی بہن کو شادی کیلئے اپنا ہاتھ دینے آمادہ کریں ۔ بعد ازاں یہ لڑکی اپنی بہن کو اطلاع دیئے بغیر اس گھر کو پہنچ گئی جہاں بحرینی سے ملاقات کی تھی ۔ بحرینی نے پھر ایک مرتبہ پیشکش کی اور لڑکی دوسری مرتبہ بھی پیشکش ٹھکرا دی ۔ بعد ازاں بحرینی نے اس کی عصمت ریزی کی ، یہ لڑکی چار دن عرب کے گھر میں تھی اور اس کی بہن سمجھ رہی تھی کہ شائد وہ اپنے کمسن بیٹے سے سسرالی گھر گئی ہے ۔ مقامی شخص اور اس کی بیوی سے پوچھنے پر 27فبروری کو پتہ چلا کہ وہ (لڑکی) تو عرب باشندہ کے گھر می ہے ۔ لڑکی کو ڈھونڈنے بہن اپنے بھائی کے ساتھ اس پتہ پر پہنچی جہاں بحرینی مقیم تھا ، جہاں انہیں پتہ چلا کہ اس مقامی شخص نے بحرینی کو یہ لڑکی فروخت کردیا ہے ۔ چنانچہ بھائی بہن نے یکم مارچ کو پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس میںشکایت درج کروائی ۔ لڑکی فروخت کرنے والا درمیانی آدمی اور اس کی بیوی مفرور ہیں جنہیں پولیس تلاش کررہی ہے ۔