شادی سے چند گھنٹے پہلے دلہن کی موت…لیکن شادی نہیں رکی

   

گاندھی نگر: شادی سے چند گھنٹے قبل دلہن کی موت ہوگئی جس کے بعد دلہے کی شادی دلہن کی بہن سے کردی گئی۔ یہ واقعہ ریاست گجرات میں پیش آیا۔ تاخیرسے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھاو نگر ضلع کے سبھاش نگر کے جینا بھائی راٹھوڑ کی بڑی بیٹی ہیتل کی شادی جمعرات کو ناری گاؤں کے وشال بھائی سے ہونے والی تھی۔ وشال بھائی بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچے۔ اسی دوران ہونے والی دلہن ہیتل بے ہوش ہو گئی۔ گھر والے اسے فوری طور پر ہاسپٹل لے گئے لیکن ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی دل کا دورہ پڑنے سے مرچکی ہے۔ شادی والے دن دلہن کی موت ہوگئی جس سے دونوں خاندانوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا لیکن شادی کی تمام تیاریاں ہوچکی تھیں ایسے میں ہیتل کے گھروالوں نے ایک اہم فیصلہ کیا۔ انھوں نے ہونے والی دلہن ہیتل کی چھوٹی بہن کی شادی وشال سے کرنے کا فیصلہ کیا۔ وشال کے گھر والے اس کیلئے راضی ہوگئے جس کے بعد غم کے ماحول میں شادی کی تقریب انجام پائی۔