بین فرقہ جاتی اور لو میاریج کیلئے بھی امدادی اسکیم ‘اندرون 15 یوم یکسوئی، اسمبلی میں جی کملاکر کا بیان
حیدرآباد۔10۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر بہبودی پسماندہ طبقات جی کملاکر نے کہا کہ تلنگانہ میں بین فرقہ جاتی شادیوں کیلئے بھی کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم پر عمل کرتے ہوئے امدادی رقم کے چیک جاری کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ بین فرقہ جاتی شادیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ بیوی اور بی سی طبقہ سے ہو اور شوہر او سی طبقہ سے تعلق رکھتا ہو تو اسکیم کے تحت امداد کے مستحق ہوں گے ۔ کسی کو اس بارے میں اعتراض نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس بارے میں کئی دشواری پیدا ہو تو ان سے راست رجوع کیا جاسکتا ہے۔ جی کملاکر نے لو میاریج کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لو میاریج کی صورت میں ماں یا بیٹی کو امدادی چیک حوالے کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 دنوں میں 12000 استفادہ کنندگان کو چیک جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد شادی کے تین چار ماہ بعد درخواست داخل کر رہے ہیں۔ آر ڈی او اور ایم آر او کی جانچ کے بعد چیک جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات کیلئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ درخواست داخل کرنے کے 15 دنوں میں امدادی رقم جاری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں سرپنچ اور کونسلرس کو درخواستوں کے ادخال کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات پر عمل آوری کے ذریعہ ریاست میں بچوں کی شادیوں کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ ریاست میں دونوں اسکیمات کے تحت تاحال دس لاکھ 26 ہزار 396 استفادہ کنندگان کو مدد کی گئی۔ پسماندہ طبقات کی بہبود کے تحت 487346 افراد ، ایس ٹی طبقہ کے 121639 افراد محکمہ اقلیتی بہبود سے 210676 افراد جبکہ ایس سی طبقہ کے 206735 افراد کو امدادی رقم جاری کی گئی ہے۔ دونوں اسکیمات کے تحت جملہ 8673.67 کروڑ خرچ کئے گئے ۔ بہبودی پسماندہ طبقات کے تحت 4355 کروڑ ایس ٹی ڈیولپمنٹ کے تحت 975 کروڑ اقلیتی بہبود کے تحت 1682 کروڑ اور ایس سی ڈیولپمنٹ کے تحت 1660 کروڑ خرچ کئے گئے ۔ نیشنل فیملی ہیلت سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں اسکیمات سے کمسن بچوں کی شادیوں کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ر