شادی کے بعد پولیس کا خوف ، جوڑے کی خودکشیمحبت کی شادی کا انجام ، پولیس مصروف تحقیقات

   

حیدرآباد /3 اپریل ( سیاست نیوز ) شادی کے بعد پولیس کارروائی سے خوف کے شکار ایک جوڑے نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ یکم اپریل کو لڑکی اور 2 اپریل کو لڑکا فوت ہوگیا ۔ جنہوں نے 30 مارچ کو نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا تھا ۔ کندرگ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 24 سالہ سریکانت نے ایک 10 ویں جماعت کی 16 سالہ لڑکی سے محبت کی تھی ۔ دونوں نے ایک دوسرے سے محبت کے بعد شادی کرلی تھی اور شادی کے بعد جب سریکانت اپنے گاؤں پہونچا تو لڑکی کی عمر کے سبب اس کو پولیس کارروائی کا خوف ہوگیا ۔ گاؤں والوں اور رشتہ داروں نے اس نوجوان کو مشورہ دیا کہ لڑکی کی عمر کم ہے اور پولیس کارروائی کا شکار ہوسکتا ہے ۔ لہذا وہ لڑکی کو اس کے والدین کے یہاں واپس روانہ کردے ۔ اس بات سے خوف کا شکار دونوں نے نامعلوم زہریلی شئے کا استعمال کرلیا ۔ جنہیں بہتر علاج کیلئے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ لڑکی یکم اپریل کو اور لڑکا 2 اپریل کو علاج کے دوران فوت ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سریکانت شادنگر میں واقع ایک کرانہ دکان میں کام کرتا تھا ۔ اس کی پہچان انسٹاگرام کے ذریعہ 16 سالہ لڑکی سے ہوئی جو دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھی ۔ دونوں کی پہچان دوستی اور محبت میں بدل گئی اور دونوں نے بھاگ کر یادگیری گٹہ کی مندر میں شادی کرلی ۔ لڑکی کم عمر ہونے کے سبب مشکلات پیش آرہی تھی ۔ ذرائع کے مطابق 27 مارچ کو انہوں نے شادی کی تھی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع