شادی کے نام پر جنسی استحصال اور دھوکہ، نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) شادی کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے لڑکی کا جنسی استحصال کرنے والے ایک نوجوان کو بہادر پورہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر پولیس بہادر پورہ آنند کمار کے مطابق 25 سالہ غوث پٹیل ساکن انڈیانا بیکری کشن باغ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایک لڑکی کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کی اور تحقیقات کے بعد پٹیل کو گرفتار کرلیا۔ پٹیل نیالکل ظہیرآباد کا متوطن ہے جو یہاں بابا نگر میں رہتا تھا۔ متاثرہ لڑکی سے غوث کی پہچان سال 2018 جولائی میں ہوئی اور دونوں میں دوستی محبت اور بات شادی کے رشتہ تک پہنچی۔ غوث پٹیل نے لڑکی سے شادی کا وعدہ کیا اور لڑکی سے پہلی مرتبہ سال 2019 میں جنسی وابستگی ہوئی جس کے بعد کئی مرتبہ دونوں کے درمیان جسمانی وابستگی ہوئی۔ جب لڑکی نے شادی کے لئے دباؤ ڈالا اور غوث پٹیل ٹال مٹول کرنے لگا اس دوران لڑکی کو پتہ چلا کہ اس کا عاشق گزشتہ تین سال سے ایک خاتون کے ساتھ تعلقات میں ہے۔ لڑکی نے بہادر پورہ پولیس میں شکایت کردی اور پولیس نے غوث پٹیل کو گرفتار کرلیا۔ ع