لاہور، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جج صاحب نے کہا لڑکا کہاں ہے؟ جب میرا 100 سالہ بھائی چھڑی کے سہارے چل کر عدالت میں پیش ہوا تو جج صاحب سمیت باقی لوگوں کو بھی ہنسی آ گئی،کہ کہاں لڑکا اور کہاں یہ بابا۔ یہ کہنا ہے نعمت علی کا جن کے بھائی اسماعیل کے خلاف لاہور کی فیملی کورٹ میں ان کی اہلیہ نے شادی کے تقریباً 60 برس بعد جہیز کی واپسی کی درخواست دی ہے۔ صوبہ پنجاب کے علاقے پتوکی کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے اسماعیل کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کی عمر 100 برس ہے جبکہ ان کی اہلیہ تاج بی بی کی عمر 95 برس بتائی گئی ہے اور ان کی شادی 1960 میں ہوئی تھی۔ اس انوکھے دعوے کی سماعت منگل کو ہوئی تو اسماعیل اپنے ایک 85 سالہ گواہ یحییٰ کو لے کر عدالت میں پیش ہوئے اور سماعت کے بعد عدالت نے فریقین کو اگلی پیشی پر شہادتیں اور ثبوت پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
