شاد نگر : دلخراش سڑک حادثہ، باپ بیٹی کی دردناک موت

   

موت سے پہلے بی ٹیک طالبہ کی فریاد سے ہر شخص اشکبار، بے قابو ٹینکر کی ٹکر سے افسوسناک واقعہ

شادنگر۔ 26 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رنگا ریڈی ضلع کے شادنگر ٹاؤن کے چوراہا پر ہفتہ کی صبح ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں باپ اور بیٹی دونوں ہلاک ہو گئے۔ شادنگر چوراہا پر ایک بے قابو ٹینکر لاری نے لاپرواہی سے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ، جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار شادنگر کے رہائشی مچندر اور ان کی بیٹی مَیتری موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حادثہ کے فوراً بعد ، زخمی حالت میں مَیتری نے وہاں پر موجود ایک شخص، طیّب، نامی شخص کو اپنا فون دے کر گھر والوں کو اطلاع دینے کی التجا کی ، جو وہاں موجود ہر شخص کو آبدیدہ کر گئی۔ طیّب نے مَیتری کے دوستوں سے موصول ہونے والی کال پر دیگر عزیزوں کو اطلاع دی۔ حادثے میں باپ اور بیٹی دونوں شدید زخمی ہو گئے بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع واردات پر ہی فوت ہو گئے۔ حادثے کے بعد لاری کا ڈرائیور پولیس کی حراست میں پہنچ گیا۔ شادنگر سی آئی وجے کمار نے اس واقعہ پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ باپ بیٹی دونوں کی موت ہو چکی ہے ، اور ڈرائیور پولیس کی تحویل میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مچندر اپنی بیٹی کو شمش آباد کے وردھمان کالج جو کہ (بی ٹیک ) کی طالبہ تھی جس کو چھوڑنے کے لیے بس اسٹیشن جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ باپ اور بیٹی کی موت کی خبر نے ہر کسی کو غمزدہ کر دیا۔ مچندر کی ایک ہی بیٹی تھی۔ اس افسوسناک واقعہ پر مقامی افراد نے اپنے گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا۔ نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم سرکاری ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ بعد پوسٹ مارٹم نعشیں ورثہ کے حوالے کر دی گئی۔ شادنگر پولیس مقدمہ درج کر کے تحقیقات کر رہی ہے۔