شاد نگر میں احتجاجی آر ٹی سی ملازمین محروس

   

شاد نگر ۔ 16 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : شاد نگر آر ٹی سی جے اے سی کنوینر نرسمہا کی قیادت میں احتجاجی دھرنا منظم کر رہے تھے کہ مقامی پولیس کی بھاری جمعیت نے احتجاجی دھرنا منظم کرنے والے آر ٹی سی ملازمین کو فوری حراست میں لیتے ہوئے شاد نگر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ احتجاجی آر ٹی سی ملازمین نے شاد نگر پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے حکومت کے خلاف زبردست نعرے بلند کئے ۔ آر ٹی سی جے اے سی کنوینر نرسمہا نے کہا کہ حکومت کے سخت اقدام کی وجہ سے آر ٹی سی کی ہڑتال طول اختیار کرتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمارے حق اور انصاف کے لیے جدوجہد کرنے پر ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی یکسوئی تک احتجاجی سلسلہ کو جاری رکھیں گے ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کے متعلق سخت رویہ اختیار کرنے کی وجہ سے کئی ایک آر ٹی سی ملازمین اپنی قیمتی جانیں گنوا چکے ہیں ۔ اس کے باوجود تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر کوئی ٹھوس اور عملی اقدام نہیں لے رہے ہیں۔ آر ٹی سی ملازمین کی گرفتاری کی اطلاع پر بی جے پی قائد سری وردھن ریڈی نے شاد نگر پولیس اسٹیشن پہونچ کر گرفتار شدہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بھر پور تائید و حمایت کا تیقن دیا بعدازاں آر ٹی سی ملازمین کو رہا کردیا گیا ۔۔