شاد نگر پولیس اسٹیشن میں روڈی شیٹرس کی کونسلنگ

   

مجرمانہ سرگرمیوں پر سخت کارروائی کا انتباہ: سرکل انسپکٹر
شادنگر ۔8 ۔ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر ٹاؤن سرکل انسپکٹر پرتاپ لنگم نے الٹی میٹم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے روڈی شیٹرس ،مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے ، اور بدمعاشی کرنے والوں پر پولیس خصوصی نظر رکھی ہوئی ہے اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ شادنگر ٹاؤن سرکل انسپکٹر پرتاپ لنگم نے مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں اور اگر وہ معاشرے میں اچھے طریقہ سے زندگی بسر کریں گے تو ان پر لگائی گئی پابندیاں قانونی دائرہ کار کو مدنظر رکھتے ہوئے ہٹا دی جائیں گی۔ ہفتہ کو ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں مقامی رؤڈی شیٹرس اور مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والوں کے لیے کونسلنگ کی گئی۔ ڈیٹیکٹیو انسپکٹر بھرت ، ایس آئز وجئے ، دیویکا اور دیگر پولیس اہلکاروں نے کونسلنگ کا اہتمام کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 21 لوگوں کی پہلے ہی کونسلنگ کی جاچکی ہے، اور مزید 17 لوگوں کی کونسلنگ ہونا باقی ہے۔ اس موقع پر تمام گروپوں سے کہا گیا کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس کا تعاون کریں۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس بھی اسکولوں میں نوجوانوں سے چھیڑ چھاڑ کے جرائم پر خصوصی توجہ دے گی اور ضرورت پڑنے پر کارروائی بھی کریں گی۔ اس میٹنگ میں ایس آئز وجئے، دیویکا اور دیگر پولیس ملازمین موجود تھے۔