شاراپوا کو پہلے ہی مقابلہ میں شکست، نڈال کی پیشقدمی

   

ملبورن ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک اور پانچ مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن مارا شاراپوا کو سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن میں پہلے ہی مرحلہ میں شکست برداشت کرنی پڑی۔ شاراپوا کو عالمی درجہ بندی میں 19 ویں مقام پر فائز کروشیا کی دوناوک کے خلاف راست سیٹوں میں 3-6,4-6 کی ناکامی برداشت کرنی پڑی۔ اس ناکامی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے شاراپوا نے کہا کہ وہ آئندہ برس یہاں آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے پہنچے گی یا نہیں اس پر غیریقینی صورتحال طاری ہے۔ 32 سالہ شاراپوا کی یہ تیسری مرتبہ متواتر پہلے ہی مرحلہ میں شکست ہے جس کے بعد ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان گہرا ہوچکا ہے۔ 2016ء آسٹریلین اوپن کے دوران وہ ڈوپ ٹسٹ میں ناکام ہوئی تھی جس کے بعد ان پر 15 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ اس پابندی سے انہوں نے واپسی کی لیکن وہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے میں مسلسل ناکام ہے۔ شاراپوا جنہوں نے 2008 ء میں یہاں آسٹریلین اوپن خطاب حاصل کیا تھا۔ مرد زمرہ کے مقابلہ میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے ریکارڈ بیسویں گرانڈ سلام کے حصول کیلئے مہم کا کامیاب آغاز کیا ہے جیسا کہ انہوں نے بولیویا کے ہوبوڈیلین کو راست سیٹوں میں 6-2,6-3,6-0 سے شکست دی ہے۔ نڈال جوکہ فیڈرر کی برابری کرنے کیلئے یہاں بیسویں گرانڈ سلام کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ کامیابی حاصل کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں سابق یو ایس اوپن چمپئن مارن سلیک اور میلوس رانک نے بھی پہلے مرحلہ کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ گذشتہ روز خراب موسم کی وجہ سے تمام مقابلے مکمل نہ ہوسکے لہٰذا پہلے مرحلہ کے دیگر مقابلوں کو آج کھلایا گیا ۔ یو ایس اوپن میں نڈال کو پانچ سیٹوں تک پریشان کرنے والے ڈینیل میڈی ویڈو توجہ کا مرکز ہیں۔