انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ آزاد شام کے پرچم اور ترکیہ کے چاند ستارے والے پرچم کو دیکھ کر ہمارا دِل خوش ہو رہا ہے۔صدر اردغان نے حزب اقتدار ‘جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی’ کے قومی اسمبلی گروپ اجلاس سے خطاب کیا۔8دسمبر کو شام میں 61 سالہ بعث اقتدار کے خاتمے کی یاد دہانی کرواتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بزدل اسد اپنی جبّلت کے مطابق اپنے قریبی ترین افراد کو چھوڑ کر شام سے فرار ہو گیا ہے۔ دارالحکومت دمشق پر شامی انقلابیوں کے کنٹرول کے بعد اس ملک کے سامنے ایک نیا صفحہ کھْل گیا ہے۔ شامی عوام نے ایک ایسے راستے پر قدم رکھ دیا ہے کہ جہاں وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے اور ہمیں اس پر بے حد مسرت محسوس ہو رہی ہے۔صدر اردغان نے کہا ہے کہ حلب، دمشق، حاما، حمص، درعا اور منبج میں شامی اور ترک پرچموں کو ایک ساتھ دیکھ کر ہمیں خوشی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جلد ہی حلب میں ترک قونصل خانہ بھی خدمات کا آغاز کر دے گا۔