شامی فٹنس میں ناکام، جنوبی افریقہ کیخلاف ٹسٹ سیریز سے باہر

   

ممبئی: محمد شامی فٹنس ٹسٹ میں ناکام ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی ٹسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہاکہ ٹسٹ سیریز میں محمد شامی کی شرکت ان کی فٹنس پر منحصر تھی لیکن بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے ان کی فٹنس کومنظوری نہیں دی اور فاسٹ بولر کو دو ٹسٹ میچوں سے باہر کر دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ دیپک چاہر والد کی بیماری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ آکاش دیپ کو چاہر کے متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ شریاس ایئر 17دسمبر کو جوہانسبرگ میں پہلے ونڈے کے اختتام کے بعد ٹسٹ سیریز کی تیاری کیلئے ٹسٹ ٹیم میں شامل ہوں گے ۔ بی سی سی آئی نے کہا کہ ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ، بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور، بولنگ کوچ پارس مہمبرے اور فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ ٹسٹ ٹیم میں شامل ہوں گے اور انٹر اسکواڈ گیمز اور ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کی نگرانی کریں گے ۔ ونڈے ٹیم کو انڈیا اے کے کوچنگ اسٹاف کی مدد ملے گی جس میں بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک، بولنگ کوچ راجیب دتہ اور فیلڈنگ کوچ اجے راترا شامل ہیں۔
ہندوستان کی ونڈے ٹیم: رتوراج گائیکواڑ، سائی سدرشن، تلک ورما، رجت پاٹیدار، رنکو سنگھ، شریاس آئیر، کے ایل راہل (کپتان)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، یوزویندر چہل، مکیش کمار، ایوین خان، ارشدیپ سنگھ، آکاش دیپ۔