دمشق : شام کی نئی قیادت میں اعلی سفارتکار نے کہا ہے کہ’ وہ اس ہفتے قطر، متحدہ عرب امارات اور اردن کے سرکاری دورے کریں گے۔‘عرب نیوز کے مطابق اس سے پہلے وہ اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔نئی شامی حکومت انفرا سٹرکچر کی تعمیر نو اور ایک دہائی سے زیادہ جاری رہنے والی جنگ کے باعث تباہ حال معیشت کی بحالی میں مدد کیلیے غیرملکی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی نے آفیشل ایکس اکاونٹ پر ایک بیان میں کہا’ اس ہفتہ قطر، متحدہ عرب امارات اور اردن کے سرکاری دورے میں اپنے ملک کی نمائندگی کروں گا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم ان دوروں کے منتظر ہیں جو استحکام، سلامتی، اقتصادی بحالی اور شراکت داری کی تعمیر میں معاون ہوں گے۔‘ اس ہفتہ شام کی نئی انتظامیہ کے وزیرخارجہ اسد حسن الشیبانی اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔شام کے اعلی سطح کے وفد میں وزیر دفاع مرھب ابو قصرہ اور انٹیلی جنس چیف انس خطاب شامل تھے۔ریاض میں ہونے والی دوطرفہ ملاقاتوں میں شام کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے شامی عوام کی خواہشات اور علاقے کی سلامتی و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔