برلن : جرمنی کے جنوبی صوبہ باڈن ورٹمبرگ میں 29 سالہ شامی مہاجر ریان الشبل کو ایک گاؤں کا میئر منتخب کر لیا گیا ہے۔ ریان 21برس کی عمر میں بطور مہاجر جرمنی آئے تھے اور انہیں قطعی اکثریت سے مقامی بلدیہ کا سربراہ منتخب کیا گیا۔باڈن ورٹمبرگ کے صوبائی دارالحکومت شٹٹ گارٹ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ریان الشبل کو میئر کے عہدے پر انتخاب کے لیے ہونے والی رائے دہی میں 55.41 فیصد ووٹ ملے۔ انتخابی نتائج کے مطابق الشبل اکثریتی ووٹ لے کر عہدے پر فائز ہوئے۔ریان الشبل کی عمر اس وقت 29 برس ہے اور وہ خانہ جنگی کے شکار ملک شام سے اپنی جان بچانے کے لیے فرار ہو کر 2015ء میں کئی دیگر مہاجرین کے ساتھ پناہ کے متلاشی غیر ملکی مہاجر کے طور پر جرمنی پہنچے تھے۔