برسلز : امریکہ اور بڑی یورپی طاقتوں نے شام میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو قبل از وقت کی غیرمنصفانہ قرار دے دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق شام میں امر بشارالاسد کی حکومت نے چہارشنبہ کے روز انتخابات کا انعقاد کیا۔ اس سے چند گھٹے قبل امریکہ اور یورپی ممالک نے ایک بیان میں کہا کہ شام میں صدارتی انتخابات میں منظم انداز میں دھاندلی کی تیاری کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں ہونے والے صدارتی انتخابات آزادانہ اور منصفانہ نہیں ہوں گے۔ فرانس، جرمنی، اٹلی، برطانیہ اور امریکا کے وزرائے خارجہ نے اپنے بیان میں بشار الاسد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان تمام شامی باشندوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور دیگر افراد کی آوازوں کی حمایت کرتے ہیں، جنہوں نے انتخابی عمل کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسد حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے شام میں اقوام متحدہ کی نگرانی اور اپوزیشن کی شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے شام میں انتخابات کرائے جائیں۔ خیال رہے کہ شام میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کو حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔
