سوچی (روس) ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور روس کے درمیان جنگ زدہ شام میں جنگ بندی اور حالات معمول پر لانے کیلئے جو تعطل پیدا ہوگیا تھا، اسے ختم کرنے کے لئے دونوں ہی ممالک باہمی طور پر راضی ہوگئے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صدر روس ولادیمیر پوٹن سے گفتگو کرنے کے بعد یہ بات کہی۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوٹن کے ساتھ بات چیت کا سب سے اہم موضوع شام کی جنگ تھی جبکہ قبل ازیں دونوں ممالک (امریکہ۔ روس) میں شام کی جنگ کا خاتمہ کرنے کے طریقہ پر اختلاف پایا جاتا تھا۔ پوٹن اور پومپیو نے بحیرہ اسود کی مشہور تفریح گاہ سوچی میں بات چیت کی جہاں مابعد جنگ جنگ شام میں ایک نئے دستور کے قیام کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دیئے جانے پر بھی باہمی رضامندی ہوئی۔ یاد رہے کہ شام کیلئے نئے دستور کی تشکیل میں امریکہ اور روس کے گلے کی ہڈی بنی ہوئی تھی جس کے متن ؍ شقوں پر اختلافات پائے جارہے تھے۔