شام میں داعش کے حملے، درجنوں افراد ہلاک

   

دمشق : شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ داعش کے مبینہ حملے میں ہلاک ہونے والے حمص کے ایک ریگستان میں ٹرفلز (کھمبیاں) جمع کر رہے تھے۔ جنوری سن 2022 کے بعد سے یہ اب تک کا سب سے ہلاکت خیز حملہ ہے۔ سرکاری میڈیا نے بتایا کہ جمعہ کے روز شام کے وسطی صوبہ حمص میں مبینہ اسلامک اسٹیٹ یا داعش نے حملہ کرکے کم از کم 53 افراد کو ہلاک کر دیا۔ شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے تدمیر (پالمائرا) کے سرکاری ہسپتال کے سربراہ ولید عودی کے حوالے سے بتایا کہ متاثرین کے سر میں بندوق کی گولیوں کے زخم تھے۔ سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق، السخنہ قبضہ کے جنوب مغرب میں ٹرفلز جمع کرنے والوں پر داعش کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس میں 53 افراد ہلاک ہو گئے۔ پانچ دیگر زخمی افراد کو دوسرے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ سانا نے حملے میں زخمی ہوجانے والے ایک شخص کے حوالے سے بتایا کہ داعش نے ان کی کاریں بھی جلادیں۔ برطانیہ سے سرگرم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی حملے کی خبر دی ہے اور بتایا کہ جہادی موٹر سائیکل پرسوار ہو کر آئے تھے۔ شام میں جاری جنگ پر نگاہ رکھنے والے اس ادارے کا کہنا ہے کہ حملے میں 46 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔