شام میں فوجی مرکز اور رن وے کے قیام کی امریکی کوشش

   

دمشق ۔امریکہ نے جنگ زدہ ملک شام میں فوجی مرکز اور ہوائی جہازوں کیلئے ایک رن وے تیارکرنا شروع کردیا۔ رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے شامی مبصر گروپ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ امریکی افواج نے حسکہ کے مشرق میں الیعربیہ کے علاقے تل کوجر میں اپنی عسکری افواج کے لیے بیس قائم کرنا شروع کردیا ہے جس میں فوجی مرکزاورجہازوں کے لیے ایک رن وے شامل ہے۔یہ امریکی ایر بیس عراق کی سرحد کے قریب قائم کی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق نئے امریکی ایربیس کو بیرونی خطرے سے بچانے کیلئے اس کے اطراف میں کنکریٹ بلاکس کی دیوارکھڑی کی گئی ہے۔چند روزقبل شامی مبصرگروپ ہی نے بتایا تھا کہ امریکی عسکری ساز وسامان کا فوجی قافلہ عراق کے صوبہ کردستان کی الولید کراسنگ کے راستے شمال مشرقی شام میں داخل ہوا تھا۔امریکی عسکری قافلے میں 19 گاڑیاں شامل تھیں جن میں اس کی حفاظت کے لیے 13 لاجسٹک اورملٹری سازو سامان والے 13 ٹرک اور 5 بکتر بندگاڑیاں شامل تھیں۔گزشتہ ماہ امریکی اتحادی فوجیوں کا ایک قافلہ اسی راستے شامل میں داخل ہوا تھا جس میں تقریباً 50 ٹرک شامل تھے اور ان میں عسکری ساز وسامان تھا۔اطلاعات کے مطابق مذکورہ فوجی قافلہ شمالی حسکہ کے تل بیدر میں موجود فوجی اڈے پر منتقل ہوا تھا۔