ماسکو 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) روس نے ایک بار پھر ترکی اور عراق کی سرحدوں کے ذریعے کروڑوں شامی شہریوں کو انسانی امداد پہنچانے سے متعلق سلامتی کونسل کی قرار داد کو ویٹو کر دیا ہے۔ جمعے کے روز قرار داد کی مخالفت میں روس کو چین کی سپورٹ حاصل رہی۔ سال 2011 میں شام کا بحران شروع ہونے کے بعد سے یہ 14 واں موقع ہے جب روس نے ویٹو کا حق استعمال کرتے ہوئے اس مقصد سے پیش کی گئی قرار داد کو روک دیا۔بیلجیم، کویت اور جرمنی کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد کے مطابق ترکی میں دو اور عراق میں ایک مقام سے مزید ایک سال کی مدت کے لیے سرحد کے ذریعے انسانی امداد منتقل کرنے کی اجازت ہو گی۔ تاہم بشار حکومت کے حلیف روس نے ترکی کے دو مقامات سے صرف چھ ماہ کے لیے امداد کی منتقلی پر آمادگی کا اظہار کیا۔جمعے کے روز سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرار داد کی تائید میں 13 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ بقیہ دو ارکان روس اور چین نے اپنا ویٹو کا حق استعمال کیا۔