شام کے صدر دفتر نے اٹلی کے نیوز چینل کی مذمت کی

   

دمشق ،8 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام کے صدر دفتر کی پریس سروس نے صدر بشار الاسد کا انٹرویو ملتوی کرنے کے اٹلی کے رائی نیوز 24 چینل کے فیصلے کی مذمت کی ہے ۔ پریس سروس نے ہفتہ کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جار ی کردہ بیان میں کہا‘‘صدر الاسد نے رائی نیوز چینل کے ایگزیکٹو آفیسر مونیکا میگیوني کو 26 نومبر کو انٹرویو کرنے کی اجازت دی تھی، جس کے مطابق اٹلی کے رائی نیوز 24 اور شام کی قومی میڈیا کے دو دسمبر کو ایک ساتھ صدر کے انٹرویو نشر کرنے کا فیصلہ ہوا تھا ۔دو دسمبر کی صبح ہمیں رائی نیوز 24 کی جانب سے بغیر کسی وجہ بتائے انٹرویو کے نشریات میں تاخیر ہونے کا خط ملا ۔ اس کے بعد ہمیں رائی نیوز 24 کی طرف سے دو مزید خط ملے ، جس میں انٹرویو کے نشریات میں تاخیر ہونے کی بات کہی گئی تھی، لیکن اس میں انٹرویو کے نشر کی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے۔