شام کے وقت بارش سے موسم خوشگوار

,

   

حیدرآباد۔: دونوں شہرو ںمیں افطارسے عین قبل موسلا دھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق دونوں شہروں کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں آج شام گرج اور بجلی کے ساتھ ہونے والی بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا اور شہر کے بیشتر علاقوں میں ہونے والی بارش کے باعث بعض مقامات پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کو سڑکوں سے پانی کی نکاسی انجام دینی پڑی لیکن شہر میں جابجا پڑے ہوئے کچرے سے شہر کے رہائشی علاقوں میں بدبو و تعفن پھیلنے لگا ہے۔ دونوں شہروں کے کئی علاقو ںمیں بارش اور تیز ہواؤں کے سبب درختوں کے گرنے کے علاوہ برقی تاروں کے ٹوٹنے کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ گچی باؤلی‘ مدینہ گوڑہ کے علاوہ بھارت نگر میں درختوں کے گرنے کے سبب برقی سربراہی متاثر ہوئی لیکن شکایات موصول ہوتے ہی جی ایچ ایم سی کے شعبہ ای وی ڈی ایم کی جانب سے گرنے والے درختوں کو راستہ سے ہٹانے کے اقدامات کو یقینی بنایا گیا ۔ جن علاقوں میں درختوں اور برقی تاروں کے گرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ان مقامات پر کسی کے زخمی ہونے یا متاثر ہونے کی کوئی شکایت نہیں ملی ۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں میں محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی جارہی ہے اورکہا جارہا ہے کہ مطلع ابر آلود رہے گا۔ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کے سبب موسم گرما کی شدت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر حیدرآباد میں سب سے زیادہ بارش ملکاجگری کے علاقہ میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ سکندرآباد‘ سوماجی گوڑہ ‘ خیریت آباد‘ گوتم نگر‘ وایو نگر‘ سنتو ش نگر‘ سرور نگر ‘ دلسکھ نگر میں ایک گھنٹے سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پرانے شہر کے علاقوں میں چارمینار‘ بہادر پورہ‘ کشن باغ‘ فلک نما‘ چندرائن گٹہ ‘ بارکس میں بھی افطار سے عین قبل زائد از نصف گھنٹہ مسلسل بارش ریکارڈ کی گئی۔ نامپلی‘ عابڈس‘ بشیر باغ‘ لکڑی کا پل‘ مہدی پٹنم کے علاوہ ٹولی چوکی ‘ گولکنڈہ کے علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی اور بارش کے دوران شہر کے بیشتر علاقوں بنجارہ ہلز‘ جوبلی ہلز‘ مادھا پور‘ امیر پیٹ ‘ بالانگر میں برقی سربراہی مسدود ہونے کی شکایات موصول ہوئی لیکن محکمہ برقی کی جانب سے بارش کے رکتے ہی برقی بحال کرنے کو یقینی بنایا گیا۔