شاندار سبقت کے بعد پاکستان کی پھر ناقص شروعات

   

مانچسٹر۔ انگلینڈ کے خلاف یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن مہمان پاکستانی ٹیم کے بولروں نے بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو نہ صرف 219 رنز پر ڈھیر کیا بلکہ پہلی اننگز میں 107 رنز کی شاندار سبقت بھی حاصل کی لیکن دوسری اننگز کی بدستور اس نے ناقص شروعات کی۔ پاکستان کیلئے اسپنر یاسر شاہ نے 66 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے پاکستان کو کامیابی کی بنیاد رکھنے والی سنچری کی سبقت دلوائی جبکہ محمد عباس نے 15 اوورس میں 33 رنز اور شاداب خان نے 3.3 اوورس میں 13 رنز دیکر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کیلئے پاپ میں سب سے زیادہ 62 رنز اسکور کئے جبکہ جوس بٹلر نے 38 رنز بنائے۔ علاوہ ازیں لوورآرڈر میں اسٹیورڈ براڈ نے 25 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 29 رنز اسکور کئے۔ پہلی اننگز میں 100 سے زائد رنز کی سبقت ملنے کے باوجود پاکستان دوسری اننگز میں شروعات بہتر نہیں رہی جیسا کہ پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ پہلی اننگز میں نصف سنچری کے ذریعہ ان کا ساتھ دینے والے بابر اعظم 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ علاوہ ازیں دوسرے اوپنر عابد علی 20 رنز ہی اسکور کر پائے۔ تادم تحریر اسد شفیق 13 اور کپتان اظہرعلی 18 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 63/3 تک پہنچایا ہے جس کے ذریعہ پاکستان کو مقابلہ میں مجموعی طور پر 170 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔