العربیہ، الجزیرہ و دیگر اداروں کی شہ سرخیوں میں گستاخ رکن اسمبلی راجہ سنگھ نشانہ
حیدرآباد۔24۔اگسٹ(سیاست نیوز) ہندوستان شان رسالت ؐ میں گستاخی کے سبب اندرون تین ماہ ایک مرتبہ پھر سے عالمی ذرائع ابلاغ اداروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور بیشتر سرکردہ اداروں کی جانب سے شہر حیدرآباد میں معطل شدہ بھارتیہ جنتا پارٹی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے گستاخانہ بیانات اور اس پر فدائیان مصطفیﷺ کے شدید ردعمل کے متعلق خبریں ترسیل کی جا رہی ہیں اور ان کی نشریات میں شہرحیدرآباد کو شامل کیا جارہاہے۔ ٹی آرٹی‘ العربیہ‘ الجزیرہ ‘کے علاوہ دیگر ذرائع ابلاغ اداروں میں شان رسالتؐ میں گستاخی کی خبروں کے ساتھ ہی عالم اسلام کے مسلمانوں میں بے چینی پیدا ہونے لگی ہے اور عالمی سطح پر حکومت ہند سے مطالبہ کیا جارہا ہیکہ ہندوستان میں مسلمانوں کے جان و مال کے تحفظ کے علاوہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی احمد مجتبیٰﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ جاریہ سال ماہ مئی کے دوران نپور شرما کی لائیو ٹیلی ویژن مباحث میں کی گئی گستاخی پر دنیا بھر میں ہوئے احتجاج اورکئی ممالک میں ہندوستانی سفراء کی طلبی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہتک کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بی جے پی نے اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے نپور شرما اور نوین جندل کو پارٹی سے معطل اور برطرف کردیا لیکن شہر حیدرآباد میں حلقہ گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی میں بی جے پی نے کوئی تاخیر نہیں کی اور فوری طور پر اسے معطل کرنے کے اقدامات کئے لیکن اس کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہ ہونے کے معاملہ میں ایک مرتبہ پھر سے عالمی ذرائع ابلاغ میں حیدرآباد میں ہونے والے احتجاج کی خبریں نشر و شائع کی جانے لگی ہیں۔ عالمی اداروں میں شہر حیدرآباد کے واقعات اور شان رسالتؐ میں کی جانے والی گستاخی کی خبروں کے بعد دنیا کے کئی ممالک میں آئندہ دنوں کے دوران احتجاج اور ہندوستانی مصنوعات کے دوبارہ بائیکاٹ کے آغاز کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے۔