حیدرآباد ۔ 15 فبروری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے شاپنگ مال میں توڑپھوڑ اور تشدد برپا کرنے والے بجرنگ دل کے 5 کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ مادھاپور کے ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر اے وینکٹیشور راؤ نے یہ بات بتائی۔ کل 14 فبروری یوم عاشقان کے موقع پر منعقدہ تقاریب میں خلل پیدا کرتے ہوئے پارٹی منعقد کرنے والے مقامات کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا حالانکہ پولیس نے 10 تا 15 بجرنگ دل کے کارکنوں کی موجودگی کی بات کی لیکن صرف 5 کارکنوں ہی کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ اجے سنگھ ساکن موسی پیٹ، 23 سالہ وی ارجن، 29 سالہ کے سنتوش ساکنان سیوا لعل نگر موسیٰ پیٹ، 24 سالہ بی پون کمار ساکن کوکٹ پلی اور 22 سالہ تروپتی ساکن موسیٰ پیٹ کو گرفتار کرلیا۔ ان تمام کا تعلق زعفرانی تنظیم بجرنگ دل سے بتایا گیا ہے۔ 10 تا 15 افراد پر مشتمل ٹولی کی شکل اختیار کرتے ہوئے ان بجرنگ دل کے کارکنوں نے گچی باؤلی کتہ گوڑہ اور مادھاپور کے علاقہ میں پرتشدد کارروائی کرتے ہوئے شرانگیزی سے خوف کا باعث بنے اور کئی دکانات میں جہاں ویلنٹائن ڈے تقاریب منعقد تھی، تشدد مچادی اور توڑپھوڑ کی۔