صدرنشین محمد سلیم نے دورہ کیا، حکومت سے اجازت کا انتظار
حیدرآباد: صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے شاہی مسجد باغ عامہ کی تزئین نو اور مرمت کا کام حکومت کی اجازت کے ساتھ جلد مکمل کرنے کا تیقن دیا۔ وقف بورڈ نے تعمیری کاموں کے سلسلہ میں 70 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں اور حکومت کو رپورٹ روانہ کی گئی ہے۔ چونکہ یہ مسجد محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت ہے لہذا تزئین نو اور مرمت کے کاموں کے لئے حکومت کی اجازت ضروری ہے۔ محمد سلیم نے مقامی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کے ہمراہ آج مسجد کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ حیدرآباد کی اس تاریخی مسجد کو بہتر سہولتوں کے ساتھ آراستہ کرنا چاہتا ہے۔ حیدرآباد کے مرکزی مقام پر اس مسجد میں شہر کے مختلف علاقوں سے نماز کی ادائیگی کیلئے مصلی پہنچتے ہیں۔ اس تاریخی مسجد کا تحفظ ضروری ہے لہذا وقف بورڈ نے تزئین نو کے کاموں کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ مسجد کے بیرونی حصہ میں شیڈ کی تعمیر کے علاوہ ٹائلٹس کو بہتر سہولتوں کے ساتھ تیار کیا جائے گا ۔ محمد سلیم نے تیقن دیا کہ بہت جلد حکومت سے اجازت حاصل ہوگی جس کے فوری بعد تعمیری کاموں کا آغاز کردیا جائے گا ۔ انہوں نے مسجد کے تعمیری منصوبہ کا معائنہ کیا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے تاریخی مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ کنٹراکٹر کو ہدایت دی گئی کہ رمضان المبارک سے قبل مرمتی کاموں کو مکمل کرلیں تاکہ رمضان المبارک میں افطار اور تراویح کے موقع پر دشواری نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں وقف بورڈ کی دلچسپی سے غیر آباد مساجد کو آباد کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے ابھی تک 10 غیر آباد مسجدوں کو نہ صرف آباد کیا بلکہ تعمیری کاموں کیلئے رقمی منظوری دی ہے۔