شاہ رخ خان کا بین الاقوامی میڈیا کو انتظار

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کو مبینہ طور پر کئی بین الاقوامی میڈیا اداروں کی جانب سے ان کے بیٹے آرین خان کے حالیہ منشیات مقدمہ پر انٹرویو کے لیے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں شاہ رخ کو ممبئی ایرپورٹ پر دیکھا گیا جب وہ اپنی ٹیم کے ساتھ دہلی جا رہے تھے۔ اداکار نے ممبئی کے کلینا ٹرمینل سے خانگی ہوائی جہاز سے اپنے سفر کا آغاز کیا ۔انڈیا ٹوڈے ڈاٹ ان کی ایک رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ کی منیجر پوجا ددلانی کو امریکی اور برطانیہ کے میڈیا اداروں سے متعدد درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ شاہ رخ خان کو ان کے بیٹے کے ممبئی منشیات مقدمہ پر خصوصی طور پر ان سے بات کرنے کے لیے وقت دیا جائے۔ آرین کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 3 اکتوبر کو دیگر 20 ملزمان کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اسٹار کڈ 25 دن کی جیل میں تھے اور انہیں ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں رکھا گیا تھا۔ اگر رپورٹس پر یقین کیا جائے تو بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ نے بیرونی ممالک میڈیا کی ایسی تمام درخواستوں کو ٹھکرا دیا ہے اور حساس موضوع پر اپنی خاموشی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آرین کو 28 اکتوبر کو بمبئی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا ہے اور ان کے گھر والے خوش تھے کیونکہ ان کا بیٹا ان کے ساتھ واپس آیا تھا۔ آرین کی رہائی کے بعد شاہ رخ نے کوئی بیان جاری نہیں کیا اور سوشل میڈیا سے دور رہے۔ اس کے علاوہ وہ عوام میں زیادہ نہیں دیکھے گئے ہیں ۔ رپورٹس کے مطابق شاہ رخ جلد ہی آنے والے دنوں میں اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک باضابطہ بیان جاری کریں گے۔ لیکن اس کی کوئی تصدیق نہیں ہے۔حال ہی میں، آرین کو ارباز مرچنٹ اور منمون دھامیچا کے ساتھ جمعہ کو این سی بی کے دفتر میں دیکھا گیا جہاں ان کی حاضری کو بامبے ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت کی شرائط کے ایک حصے کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔جہاں تک فلموں کی شوٹنگ کا معاملہ ہے شاہ رخ جلد ہی سدھارتھ آنند کی فلم پٹھان میں دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کے ساتھ نظر آئیں گے۔ اس کے پاس ساؤتھ ڈائریکٹر ایٹلی اور راج کمار ہیرانی کی اگلی فلم بھی ہے۔یادرہے کہ آرین خان کے منشیات مقدمہ میں گرفتار ہونے کے بعد شاہ رخ خان کافی پریشان تھے اور انہوں نے اپنے تمام پراجکٹس کی شوٹنگ کو روک دیا تھا جس میں اجے دیوگن کے ساتھ ایک اشتہار کی شوٹنگ بھی شامل ہے ۔