شاہ زیب کا نیا ریکارڈ،10 چھکے لگانے والے پہلے بیٹر

   

ہندوستان کو282 رنز کے تعاقب میں 43 رنز کی شکست
دبئی ۔ انڈر19ایشیاکپ 2024 متحدہ عرب امارات میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں ٹیم انڈیا اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف کھیلی ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ اس میچ میں پاکستان کے ایک بیٹر نے طوفانی اننگزکھیلی۔ اس کھلاڑی نے میدان کے چاروں طرف رنز بنائے اور چوکے اور چھکے لگائے۔ اس 19 سالہ کھلاڑی نے چھکوں کا بڑا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس کھلاڑی کے بل بوتے پر پاکستان نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک بڑا سکور بھی بورڈ پر درج کردیا ۔ 19 سالہ شاہ زیب خان نے اس میچ میں پاکستان کے لیے یادگار اننگز کھیلی۔ اوپننگ کرنے کے بعد شاہ زیب خان آخری اوورز تک کریز پر موجود رہے۔ پاکستانی ٹیم کو اچھا آغاز دیتے ہوئے انہوں نے107 گیندوں پر 100 رنز بنائے اور اپنی سنچری مکمل کی۔ شاہ زیب خان اس کے بعد بھی نہیں رکے اورکچھ ہی دیر میں 150 رنزکا ہندسہ عبور کرلیا۔ انہوں نے اس میچ میں 147 گیندوں پر مجموعی طور پر 159 رنز بنائے۔ جس میں ان کے بیٹ سے جملہ 10 چھکے اور 5 چوکے نکلے ۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 100 سے زیادہ رہا۔ شاہ زیب خان نے اس میچ میں 10 چھکے لگا کر ایک بڑا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اب وہ انڈر 19کرکٹ میں پاکستان کے لیے ایک ونڈے میچ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ایک میچ میں7 سے زیادہ چھکے نہیں لگا سکا تھا۔ شاہ زیب خان سے پہلے یہ ریکارڈ کامران غلام اور شمیل حسین کے نام تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے فی کس7 چھکے لگانے کا کارنامہ انجام دیا لیکن اب شاہ زیب آگے نکل گئے ہیں۔دریں اثناء ہندوستانی ٹیم کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانے 282 رنز کے تعاقب میں 238 رنز کی اسکور کرپائی۔