شاہ علی بنڈہ میں بے قابو کارکی ٹکر سے خاتون ہلاک، دیگر پانچ افراد شدید زخمی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ پرانے شہر کے علاقہ نئی سڑک شاہ علی بنڈہ پر پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک خاتون ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ انتہائی بے راہ روی سے گاڑی چلاتے ہوئے نوجوان ڈرائیور نے سڑک پر راہ چلتے افراد کو ٹکر دیتے ہوئے علاقہ میں سنسنی پھیلا دی۔ تفصیلات کے مطابق چہارشنبہ کی رات 7.30 بجے تا 8.00 بجے کے درمیان سفید کلر کی کار خلوت سے نئی سڑک کی سمت تیز رفتار سے آتے ہوئے ایک آٹو کو ٹکر دے دی ، آٹو میں سوار گداگر خاتون جس کی شناخت 40 سالہ سالماں ساکن بنڈلہ گوڑہ کی حیثیت سی کی گئی ، ہلاک ہوگئی جبکہ آٹو ڈرائیور صلاح الدین زخمی ہوگیا۔ اس حادثہ میں ایک موٹر سیکل سوار یشونت بھی زخمی ہوگیا جو این ایف سی کمپنی میں کیٹرنگ کا کام کرتا ہے ۔ تیز رفتاری سے کار چلاتے ہوئے ڈرائیور جس کی شناخت عادل ساکن تالاپ کٹہ کی حیثیت سی کی گئی ہے، نے علاقہ مغلپورہ اور میر چوک میں بھی بعض افراد کو ٹکر دیتے ہوئے اپنے مکان پہنچ گیا۔ اس حادثہ کے بعد علاقہ شاہ علی بنڈہ نئی سڑک پر سنسنی پھیل گئی اور اس حادثہ میں زخمی افراد کو دیکھنے اور تفصیلات جاننے کیلئے راہ گیروں کی کثیر تعداد شاہ بنڈہ چوراہے کے قریب جمع ہوگئی جس کے نتیجہ میں ٹریفک جام ہوگئی۔ پولیس حسینی علم کی ٹیم نے متوفی خاتون سالماں کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم مردہ خانہ منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو علاج کے لئے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا ہے۔ انسپکٹر حسینی علم مسٹر جی نریش کمار نے کہا کہ اس خوفناک حادثہ میں ملوث ملزم کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کار کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ رات دیر گئے پولیس نے کار ڈرائیور کا پتہ لگاتے ہوئے اس کے مکان تالاب کٹہ پہنچ گئی لیکن وہ مکان کو مقفل کر کے راہ فرار اختیار کی۔ پولیس حسینی علم نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے۔