شاہ میر پیٹ میں المناک سڑک حادثہ

   

دو خواتین برسر موقع ہلاک، دیگر چار شدید زخمی
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ شاہ میرپیٹ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں 2 خاتون مزدور ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 4 شدید زخمی بتائے گئے۔ انسپکٹر شاہ میرپیٹ بی نوین ریڈی نے کہاکہ آج صبح 8 بجے شاہ میر پیٹ منڈل کے علاقہ توم کنٹہ مین روڈ پر 4 خاتون مزدور سڑک عبور کررہے تھے کہ تیز رفتار کار نے اُنھیں ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں 41 سالہ لکشمی بائی اور 32 سالہ اے پورنا جن کا تعلق شاہ میر پیٹ سے ہے برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو خاتون مزدور شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ تیز رفتار ووکس ویاگن کار جس کا نمبر TS10EC 4196 ہے نے 4 مزدوروں کو ٹکر دے دی۔ اِس حادثہ میں 2 خاتون مزدوروں کی موت واقع ہونے کے نتیجہ میں مقامی عوام نے وہاں پر احتجاج کیا اور اِسی دوران کار ڈرائیور وہاں سے کار چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے متوفی خواتین کی نعشوں کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو بھی گاندھی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جہاں پر اُن کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ مقامی عوام نے احتجاج کے دوران بتایا کہ توم کنٹہ سڑک پر لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے نتیجہ میں آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں اور پولیس اِس کی روک تھام میں ناکام ہے۔ شاہ میر پیٹ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔