شبمن گل کا جارحانہ انداز ٹسٹ کرکٹ میں نہیں چلے گا:گواسکر

   

سنچورین : اپنے وقت کے عظیم ٹسٹ بلے باز سنیل گواسکر نے کہا کہ ٹی 20 اور ون ڈے کرکٹ کے مقابلے ٹسٹ میں فرق ہے اور اس فارمیٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے شبمن گل کو اپنی بلے بازی کی جارحیت کو روکنا چاہیے ۔ گواسکر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ گل ٹسٹ کرکٹ میں بہت جارحانہ طریقے سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ کرکٹ کے مقابلے ٹسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں تو اس میں تھوڑا فرق ہوتا ہے ۔ فرق گیند میں ہوتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرخ گیند ہوا میں اور پچ کے باہر بھی سفید گیند کے مقابلے تھوڑا زیادہ گھومتی ہے ۔ اس میں باؤنس بھی قدرے زیادہ ہوتاہے ، انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے ۔ گواسکر نے کہا کہ شبمن گل نے اپنے کیریئر کی بہت اچھی شروعات کی اور ہم نے ان کے شاٹس کی تعریف کی۔ ہم صرف امید کر سکتے ہیں کہ وہ اپنی فارم میں واپس آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وہ سخت محنت کرے گا اور مستقبل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ گل کو جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں پہلے ٹسٹ میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جب وہ دن کے شروع میں پہلی اننگ میں ناندرے برجر کی ایک وائیڈ ڈلیوری پر شاٹ لگانے کی کوشش کی تو ان کا کیچ پکڑ لیاگیا تھا اور جب انہوں نے دوسری اننگ میں لائن کے پار کھیلنے کی کوشش کی تو مارکو جانسن نے انہیں آؤٹ کردیا۔ تیسرے نمبر پر ان کا اسکور دو اور 26 رہا۔ اس سال گل نے وائٹ بال فارمیٹ میں 63.36 کی اوسط اور 105.45 کے اسٹرائیک ریٹ سے ون ڈے میچوں میں 1584 رنز، نیز ٹی20 میں 44.51 کی اوسط اور 154.30 اسٹرائیک ریٹ سے 1202 رنزبناکر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔