شدیدبارش۔جورالہ، سری سیلَم، ناگرجنا ساگر اور پلی چنتلہ کے دروازے کھول دیے گئے

   

حیدرآباد 16اگست(یواین آئی) کرناٹک، مہاراشٹر و تلنگانہ میں جاری موسلا دھار بارش کے باعث دریائے کرشنا میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ ندیوں میں طغیانی کے بعد اب دریائے کرشنا میں بھی سطح میں اضافہ ہوا جس کے بعد جورالہ، سری سیلَم، ناگرجنا ساگر اور پلی چنتلہ پراجیکٹس کے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔ کھمم ضلع میں شدید بارش سے بودمیرو اور پالیرو ندیوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے ، جس کے بعد پرکاشم بیراج کے تمام دروازے کھول کر پانی کو نیچے کی طرف چھوڑا جا رہا ہے ۔ دریائے کرشنا اور تنگبھدرا سے آنے والے سیلابی پانی کے پیش نظر سری سیلَم ڈیم کے چار دروازے کھول دیے گئے ۔ ڈیم میں 1,74,197 کیوسیک پانی داخل ہوا، جبکہ 1,72,800 کیوسیک پانی کو چاروں دروازوں اور بجلی گھروں کے ذریعہ خارج کیا جا رہا ہے ۔ ڈیم کی مکمل گنجائش 885 فٹ ہے ، جبکہ موجودہ پانی کی سطح 882.10 فٹ پر ہے ۔ واضح رہے کہ کم دباؤ کے باعث تین دن سے اے پی کے وجئے واڑہ اور گنٹور میں شدید بارش کا جاری ہے جس کے باعث ساحلی علاقوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریا کے قریبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔