شدید بارش سے متاثر ہونے والے افراد میں امداد کی تقسیم

   

مستاجرین برگ آبنوس کریم نگر کی جانب سے اشیائے ضروریہ اور ادویات کیلئے نقد رقم کی فراہمی

منچریال ۔ گزشتہ ماہ جولائی میں شدید بارش کی وجہ سے منچریال کے قریب دریائے گوداوری میں طغیانی سے منچریال کے نشیبی علاقے این ٹی آر نگر، پدماشالی کالونی اور قدیم منچریال کے مکانات زیر آب آگئے اور کافی نقصانات ہوئے۔ اس خصوص میں مختلف اداروں نے متاثرین میں اشیائے ضروریہ و دیگر ساز و سامان تقسیم کئے۔ سرپرست اعلیٰ برگ آبنوس اسوسی ایشن کریم نگر جناب ایم اے نعیم کی ہدایت پر صدر اسوسی ایشن کریم نگر جناب خواجہ خلیل الدین آفیسر کی زیر قیادت وفد نے آج منچریال میں مقامی ایف سی اے اسوسی ایشن کے اراکین کے ساتھ مل کر متاثرہ مکانات اور متاثرین سے ملاقات کی۔ بعد ازاں ایف سی اے فنکشن ہال منچریال میں تقریباً 200 متاثرین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ متاثرین نے وفد سے گذارش کی کہ انہیں ادویات کے لئے نقد رقم کی ضرورت ہے۔ اسوسی ایشن نے فی کس 1500 روپے، جملہ 200 خاندانوں میں جملہ 3,00,000 روپیوں کی امداد تقسیم کی گئی۔ قبل ازیں کریم نگر کے وفد کی منچریال میں آمد پر مقامی مستاجرین برگ آبنوس مسٹر کے بھاسکر ریڈی، جناب محمد شفیع الدین سلیم اور شائق علی زبیر نے دفتر اسوسی ایشن میں پرتپاک استقبال کیا۔ اس پروگرام میں صدر اسوسی ایشن برگ آبنوس کریم نگر جناب خواجہ خلیل الدین افسر، معتمد جناب ضیاء الدین جاوید، اراکین، محمد انور حسین، محمد زاہد حسین، شاہد محی الدین کے علاوہ جناب سید آصف اور متعلقہ علاقہ کے مسلم قائدین اور متاثرین نے شرکت کی۔ آخر میں متاثرین نے مہمان وفد اور مقام مستاجرین کا شکریہ ادا کیا۔