شراب پالیسی اسکام: منیش سیسوڈیا کی درخواست ضمانت پھر خارج

   

نئی دہلی : دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسوڈیا کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب دہلی ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت عرضی کو خارج کر دیا۔ منیش سیسوڈیا نے دہلی ہائی کورٹ سے 6 ہفتے کی عبوری ضمانت کا مطالبہ کیا تھا، جس کو ہائی کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ منیش سیسوڈیا جس عہدہ پر رہ چکے ہیں، اس سے اس بات کا اندیشہ رہتا ہے کہ وہ گواہوں اور ثبوتوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ جسٹس دنیش کمار شرما کی عدالت نے مبینہ شراب پالیسی اسکام سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں عآپ لیڈر منیش سیسوڈیا کی چھ ہفتہ کی عبوری ضمانت عرضی پر پیر کے روز اپنا یہ حکم سنایا۔دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ نے اپنی بیمار بیوی کا تنہا تیماردار ہونے کی بنیاد پر عارضی ضمانت کی گزارش کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں مستقل ضمانت کے لیے سیسوڈیا کی ایک عرضی ہائی کورٹ کے سامنے زیر التوا ہے۔شراب پالیسی اسکام معاملہ میں سیسوڈیاکی گرفتاری 9 مارچ 2023 کو ہوئی تھی اور فی الحال وہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ ان کی ضمانت عرضی پر دہلی ہائی کورٹ نے ہفتہ کے روز فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا اور ایل این جے پی ہاسپٹل سے سیسوڈیاکی بیوی سیما کی صحت سے متعلق رپورٹ مانگی تھی۔