کمسن فاطمہ کی شکایت، پولیس نے والدین لطیف اور عرفانہ کو کونسلنگ دی
حیدرآباد ۔ 20 مئی (سیاست نیوز) ایک کمسن لڑکی نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنے شرابی باپ کے خلاف شکایت کی کہ وہ روزانہ شراب پی کر ماں کی پٹائی کرتا ہے۔ یہ واقعہ ضلع کاماریڈی کے بھکنور منڈل میں پیش آیا۔ کمسن لڑکی فاطمہ کی شکایت کا سب انسپکٹر بال ریڈی نے سخت نوٹ لیا۔ فاطمہ کے والد لطیف اور ماں عرفانہ کو فوری پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کی کونسلنگ کی۔ لطیف کو انتباہ دیا کہ وہ آئندہ شراب پی کر گھر میں کوئی ہنگامہ آرائی نہ کریں اور نہ ہی شریک حیات عرفانہ کے ساتھ ظلم و زیادتی کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے روانہ کردیا اور ساتھ ہی کمسن فاطمہ کی دلیری کی بھی ستائش کی۔ مسلم معاشرہ میں بگاڑ کا یہ جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ دین اسلام نے شراب کو حرام قرار دیا ہے۔ پہلے ہی مسلمان معاشی پسماندگی کا شکار ہے جو بھی کمائی ہے اس کا صحیح استعمال کرتے ہیں تو اس کے بہتر نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ بچوں کو اچھی تعلیم دی جاسکتی ہے۔ گھر کے اخراجات کی تکمیل ہوسکتی ہے مگر چند لوگ راستہ بھٹک جاتے ہیں جس کے منفی اثرات برآمد ہوتے ہیں اور گھروں میں بچوں کی زندگیوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں جس کی زندہ مثال فاطمہ ہے۔ن