شراب کی فروخت کے خلاف 23 ڈسمبر کو سی پی آئی کا دھرنا: چاڈا وینکٹ ریڈی

   

حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے شراب کی قیمتوں میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شراب کی فروخت کو آمدنی کا واحد ذریعہ بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو چاہئے کہ وہ خواتین کے مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے تلنگانہ میں شراب کی فروخت پر پابندی عائد کریں۔ انہوں نے کہا کہ شراب کو عام کئے جانے کے نتیجہ میں خواتین پر مظالم اور دیگر جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے شراب کی دکانات کی اجازت کے علاوہ انہیں پرمٹ روم کی اجازت دی ہے۔ اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں بیلٹ شاپس قائم کئے گئے جس کے نتیجہ میں شراب کی فروخت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف شراب کو عام کیا گیا تو دوسری طرف قیمتوں میں اضافے کے ذریعہ عوام کی جیب پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں کم از کم ایک لاکھ 12 ہزار بیلٹ شاپس قائم کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے شراب سے متعلق حکومت کی پالیسی میں تبدیلی اور فروخت پر قابو پانے کا مطالبہ کیا۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ 23 ڈسمبر کو سی پی آئی کی مہیلا تنظیموں کی جانب سے حکومت کی شراب پالیسی کے خلاف دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس احتجاج میں حصہ لے کر حکومت کو شراب کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کے لیے مجبور کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں شراب کی فروخت میں اضافہ کے سبب خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ حکومت کو جرائم پر قابو پانے میں کوئی دلچسپی نہیں ۔