شراب گھوٹالہ کیس: کجریوال کو ای ڈی کا پانچواں سمن

   

نئی دہلی: تحقیقاتی ایجنسی ای ڈی نے شراب گھوٹالہ معاملے میں چہارشنبہ کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کو ایک بار پھر سمن جاری کیا ہے۔ ایجنسی نے کجریوال کو پانچویں بار سمن بھیجا ہے اور 2 فروری کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔ وزیر اعلیٰ کجریوال نے پہلے بھیجے گئے سمن کو انتقامی کارروائی قرار دیا تھا۔ای ڈی نے پہلے 17 جنوری، 3 جنوری، 21 دسمبر اور 2 نومبر کو دہلی کے وزیر اعلی کو سمن بھیجا تھا، لیکن وہ حاضر نہیں ہوئے۔ چوتھے سمن پر کجریوال نے کہا تھا کہ بی جے پی مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، تاکہ میں لوک سبھا انتخابات میں مہم نہ چلا سکوں۔دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا اور آپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ شراب پالیسی کیس میں جیل میں ہیں۔اپریل 2023 میں، اروند کجریوال سے شراب پالیسی معاملے میں سی بی آئی نے اپنے دفتر میں تقریباً ساڑھے 9 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔کجریوال نے 18 جنوری کو کہا تھا کہ ای ڈی نے مجھے چوتھا نوٹس بھیج کر 18 یا 19 جنوری کو حاضر ہونے کو کہا ہے۔ یہ چاروں نوٹس غیر قانونی اور ناجائز ہیں۔ جب بھی ای ڈی اس طرح کے نوٹس بھیجتا ہے، عدالت انہیں منسوخ کر دیتی ہے۔ یہ نوٹس سیاسی انتقام کے جذبے سے کی گئی کاروائی کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں لیکن انہیں کچھ نہیں ملا۔مجھے لوک سبھا انتخابات سے دو ماہ قبل کیوں بلایا گیا؟ ای ڈی بی جے پی چلا رہی ہے، ان کا مقصد مجھے گرفتار کرنا ہے، تاکہ میں انتخابات میں مہم نہ چلا سکوں۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ ،اگر بدعنوان لیڈر بی جے پی میں شامل ہوتے ہیں تو ان کے خلاف کیس بند کر دیئے جاتے ہیں۔ خیال رہے کہ اروند کجریوال نے ای ڈی کو ایک خط لکھا تھا جس میں ان سے اپنے خلاف جاری سمن واپس لینے کو کہا گیا تھا، کیونکہ وہ غیر قانونی اور سیاسی طور پر محرک ہیں۔ ای ڈی نے کجریوال کو ایک خط بھی لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اس معاملے میں ملزم نہیں ہیں، تو انہیں بار بار سمن کیوں بھیجے جا رہے ہیں؟آپ نے یہ بھی پوچھا کہ کجریوال کو گرفتار کرنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے۔