شردپوار کے حلقہ انتخاب کو پانی کی اضافی سربراہی مسدود

   

بی جے پی کے نومنتخب رکن پارلیمان کی شکایت پرریاستی حکومت کا اقدام
ممبئی۔13جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کی حکومت نے یہاں ایک ڈیم کے پانی کا راستہ بدل کر اسے پونا کے بارہ متی علاقہ کی طرف موڑ دینے کو مسدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بارہ متی کا علاقہ این سی پی کے صدر شردپوار کا گڑھ ہے ۔ اس علاقہ سے پانی کو روک کر پانی کی قلت سے دوچار علاقوں کو اسے سربراہ کیا جارہا ہے ۔ یہ بات جمعرات کو عہدیداروں نے بتائی ۔ بی جے پی کی قیادت میں مہاراشٹرا میں قائم حکومت کے اس اقدام کو سیاسی حلقوں میں پوار کیلئے ایک جھٹکہ کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ پوار نے باتہ متی کے علاقہ سے کئی بار الیکشن جیتا ہے ۔ اب یہ حلقہ ان کی صاحبزادی سپریا کے قبضہ میں ہے ۔ حالیہ لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی کے لیڈر رنجیت نائیک نبولکر نے بارہ متی کو پانی کی اضافی سربراہی کا مسئلہ اٹھایا تھا ۔ نائیک نبولکر نے عین انتخابات سے قبل اپنی وفاداریاں کانگریس کے بجائے بی جے پی سے وابستہ کرلی تھیں اور شولا پور کے حلقہ مادھا سے انہیں کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ نائیک نے کہا کہ بارہ متی کے نیشکر اُگانے والے کسانوں کی طرف ڈیم کے پانی کو موڑ دینے سے متصل اضلاع شولا پور اور ستارا کے رہنے والوں کو پینے کا پانی کافی نہیں ہورہا ہے ۔ بی جے پی کے نومنتخب رکن پارلیمان کی جانب سے یہ مسئلہ اٹھانے کے بعد ریاستی حکومت نے چہارشنبہ کو مذکورہ ڈیم کے پانی کا رُخ موڑنے کے سلسلہ کو ختم کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ یہ بات آبی وسائل کے محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتائی ۔