شرفو قتل کیس میں چار افراد گرفتار ،تین بھائی شامل

   

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) بہادر پورہ پولیس نے شرفو قتل کیس میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں تین بھائی شامل ہیں۔ بہن سے دوستی اور قربت پر اعتراض کے بعد بھائیوں نے رشتہ دار کے ہمراہ شرفو کا قتل کردیا۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون سائی چیتنیہ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 27 سالہ شرفو کے قتل کیس میں 30 سالہ سید عمران، 35 سالہ سید سعید، 23 سالہ سید سمیر اور 28 سالہ محمد اعظم کو گرفتار کرلیا گیا جو محمود نگر کے ساکنان ہیں۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ شرفو مزدور تھا جو کونڈا ریڈی گوڑہ کشن باغ میں رہتا تھا۔ تینوں بھائیوں نے شرفو کو ان کی بہن سے دور رہنے پابند کیا تھا لیکن شرفو کی بہن سے قربت پر ناراض بھائیوں نے اپنے رشتہ دار کے ہمراہ شرفو کے قتل کا منصوبہ بنایا اور 20 مارچ کو شرفو کو آٹو میں ساتھ لے گئے اور شدید زدکوب کیا اور شدید زخمی حالت میں کشن باغ پارک کے قریب چھوڑ دیا۔ شرفو دوران علاج فوت ہوگیا۔ پریس کانفرنس میں اڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون شیخ جہانگیر اور انسپکٹر رگھوناتھ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ع