شرمیلا کا ریونت ریڈی اور بنڈی سنجے کو فون، متحدہ جدوجہد کی تجویز

   

تلنگانہ بی جے پی کے صدر نے اتفاق کیا، کانگریس کے صدر نے پارٹی میں تبادلہ خیال کرنے کا تیقن دیا

حیدرآباد ۔ یکم؍ اپریل (راست) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اے ریونت ریڈی اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو ٹیلیفون کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے پرچوں کے افشاء پر علحدہ علحدہ احتجاج کرنے کے بجائے مشترکہ طور پر حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کی تجویز پیش کی۔ احتجاجی حکمت عملی میں پرگتی بھون تک مارچ کرنے پر زور دیا۔ شرمیلا نے بتایا کہ پرچوں کے افشاء کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں علحدہ علحدہ احتجاج کررہی ہیں۔ یہ 30 لاکھ بیروزگار نوجوانوں کا مسئلہ ہے۔ سب کا مقصد بیروزگار نوجوانوں سے انصاف کرانا ہے۔ لہٰذا حکومت کے خلاف علحدہ علحدہ لڑائی لڑنے کے بجائے کیوں نا متحدہ طور پر احتجاج کیا جائے۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے شرمیلا کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ مشترکہ احتجاج کیلئے شرمیلا کی مکمل تائید و حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں بہت جلد شرمیلا سے ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے بھی شرمیلا کی تجویز پر مثبت ردعمل کااظہار کیا اور کہا کہ اپوزیشن کو متحد ہوکر جدوجہد کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے شرمیلا سے کہا کہ وہ اس تجویز پر پارٹی میں غوروفکر کرنے کے بعد قطعی فیصلہ کریں گے۔ن