شریعت محمدیؐ کی حفاظت ہر مسلمان کی ذمہ داری ، اتحاد و اتفاق پر زور

,

   

Ferty9 Clinic

نوجوانوں میں جذبہ ایثار و قربانی کی ضرورت ، سنت ابراہیمیؑ پر عمل کی تلقین ، عیدگاہ میر عالم پر مولانا محمد حسام الدین ثانی اور مولانا سیف اللہ کا خطاب

حیدرآباد۔13اگسٹ (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مسلمانوں نے جوش و خروش کے ساتھ عید الاضحی منائی اور شہر کی عیدگاہوں اور جامع مسجد میں نماز عید کے دوران مظلوموں کی برأت اور ظالموں کی ہدایت کے لئے دعائیں کی گئی ۔ دونوں شہروں میں سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میر عالم میں دیکھا گیا جہاں لاکھوں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔اس کے علاوہ عید گاہ بالامرائی ‘ عیدگاہ قدیم مادناپیٹ‘ عید گاہ اجالے شاہ ؒ ‘عید گاہ عنبر پیٹ ‘ عیدگاہ گنبدان قطب شاہی کے علاوہ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم‘ شاہین نگر‘ این ٹی آر اسٹیڈیم ‘ چنچل گوڑہ جونیئر کالج میدان ‘ ریڈ ہلز پلے گراؤنڈ اور دیگر مقامات پر بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید الاضحی ادا کی ۔نمازعید کے موقع پر امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعاء کی گئی ۔شہر کے مختلف مقامات پر خطباء نے امت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق کی تلقین کرتے ہوئے نوجوانوں میں جذبۂ ایثار و قربانی پیداکرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عید گاہ میر عالم میں مولانا حافظ محمد رضوان قریشی کی امامت میںنماز ادا کی گئی ۔ مولانا نے خطبہ میں مظلوم مسلمانوں کے لئے رقت انگیز دعاء کی اور غلام اسلام کی سربلندی و مجاہدین کی کامیابی کے لئے دعائیں کی۔برائی اور اچھائی کی جنگ اپنے گھر سے شروع کرو ‘ ذلت و رسوائی سے بچنے کے لئے ضروری ہے سنت رسولﷺ کو اختیار کریں ۔دنیا اور ملک میں مسلمانوں کی ذلت و رسوائی کی بنیادی وجہ دین سے دوری ہے۔امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے عیدگاہ میر عالم میں نماز عید الاضحی سے قبل فضائل عید الاضحی بیان کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہو ںنے امت مسلمہ میں جذبۂ ایثار و قربانی کے بڑھتے ہوئے فقدان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کو تاریخ اسلام سے واقف کروانے اور سنت ابرہیمی پر عمل پیرا کرنے کیلئے انہیں تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اس دور پر فتن میں شریعت محمدی ﷺ کی حفاظت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے شریعت سے آگہی اور عملی زندگی میں شریعت کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ شرعی اصولوں سے ہمیں ہٹانے کی منظم سازش کی جا رہی ہے اور اس سازش کا مؤثر جواب ہم شریعت پر عمل کے ذریعہ ہی دے سکتے ہیں۔ مولانا ڈاکٹرسیف اللہ شیخ الادب و نائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب کے دوران امت میں اتحاد و اتفاق کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دراصل عید الاضحی کا پیغام جذبۂ ایثار و قربانی کا فروغ ہے اور اس مقصد عالی کو پورا کرنے کیلئے لازمی ہے کہ ہم اپنی نسلوں کو دینی علوم سے واقف کروائیں اور انہیں سنت حضرت ابراہیم ؑ سے واقف کرواتے ہوئے ان کی حمیت کو زندہ کریں۔مولانا ڈاکٹر سیف اللہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہی بقاء ہے ااور امت کو اپنی بقاء و سربلندی کے لئے نبی اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے راستہ پر گامزن ہونا چاہئے۔ریڈ ہلز پلے گراؤنڈ میں مولانا محمدعبید الرحمن ندوی اطہر خطب و امام مسجد ٹین پوش کی امات میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی ۔مولانا نے اس موقع پر نماز عید سے قبل اپنے خطاب میں امت میں بڑھ رہی برائیوں کو دور کرنے کے کے لئے اصلاح امت کی ضرورت ہے ۔مولانا مفتی عمر عابدین نے مولانا محمد عبدالرحمن خرم جامعی نے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں نماز عید کی امامت کی قبل ازیں اپنے خطاب فضائل عید بیان کئے اور امت پر منڈلا رہے خوف کے بادل کو اعمال کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں گناہوں سے توبہ اور دین وشریعت کے مطابق زندگی گذارنے کے عہد کی ضرورت پر زور دیا۔ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ و قاری محمد لطیف احمد نے نماز عید الاضحی کی امامت کی جبکہ مسجد چوک میں مولانا حافظ و قاری محمد علیم الدین قریشی کی امامت میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی ۔ عید گاہ میر عالم میں نماز عیدا لاضحی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور محکمہ بلدی نظم و نسق بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ محکمہ پولیس‘ محکمہ آبرسانی ‘ محکمہ برقی کے علاوہ محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے بھی عید گاہ میر عالم کے علاوہ ریاست و شہر کے دیگر عیدگاہوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ عید گاہ میر عالم میں مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ کے علاوہ دیگر کئی اہم شخصیتوں نے نماز عید ادا کی ۔ کمشنر آف پولیس مسٹر انجنی کمار عیدگاہ میر عالم میں پولیس کی جانب سے لگائے گئے خصوصی کیمپ میں موجود تھے ۔ بعد ازاں انہو ںنے مصلیوں سے ملاقات کرتے ہوئے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی اور عید کے موقع پر امن و بھائی چارگی کے فروغ کے لئے نیک تمنائوں کیا اظہار کیا۔