شیریں اور لذت دار پھل شریفے میں قدرت نے میگنیشیم کی کثیر مقدار بھر دی ہے۔شریفہ جوڑوں سے تیزابیت خارج کرنے میں مدد کرتا ہے اور آرتھرائیٹس اور گٹھیا کے مرض کو لاحق ہونے سے روکتا ہے۔شریفہ پٹھوں کو مضبوطی فراہم کرنے میں کلیدی و موثر کردار ادا کرتا ہے۔ شریفے میں مناسب مقدار میں کیلشیم بھی موجود ہوتا ہے۔جو ہماری ہڈیوں کیلئے نہایت اہم و ضروری غذائی جز ہے۔ شریفے میں صحت کیلئے فائبر کی بھرپور مقدار موجود ہے جو جسم میں شوگر کے جذب کرنے کے عمل کو سست کر دیتا ہے اور ذیابیطس کی دوسری قسم کے رسک کو گھٹا دیتا ہے۔شریفے میں سوڈیم اور پوٹاشیم کی شرح مقدار توازن میں پائی جاتی ہے۔اس لئے یہ جسم میں خون کے بہاؤ اور دباؤ کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شریفے میں موجود میگنیشیم کی وافر مقدار دل کی شریانوں،وریدوں اور والوں کو کھولنے اور پٹھوں کو مضبوطی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ ہارٹ اٹیک اور ہارٹ اسٹروک سے بچانے میں بھی معاونت کرتا ہے ۔ شریفے میں موجود نیاسن اور فائبر خراب کولیسٹرول کو جسم سے کم کرکے صحت بخش کولیسٹرول کو بڑھا دیتا ہے۔یہ پھل جسم میں خون کے لوتھڑوں کو جمنے سے روکنے میں مدد کرتا ہے اور دل کی صحت و تندرستی کیلئے محافظ کا درجہ رکھتا ہے۔ شریفہ لذت و ذائقے کے اعتبار سے بہت مقبول و معروف پھل ہے ہی قدرت نے اس منفرد و مزیدار پھل میں بے پناہ غذائیت بخش اجزاء کی خصوصیات بھی سمودی ہیں۔ یہ پھل متعدد قسم کے ضروری غذائی اجزاء کا بہترین ذریعہ ہے۔شریفہ میں وٹامن سی،وٹامن اے اور وٹامن B6 کی خصوصیات وافر مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔اس وجہ سے اس کو وٹامن کا اسٹور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے۔اس میں روزانہ غذائی معیار کے مطابق تقریباً چالیس فیصد وٹامن سی موجود ہوتا ہے ۔ شریفے کی اجزائے ترکیبی میں منرلز جیسے کہ پوٹاشیم ، میگنیشیم ، فاسفورس،سوڈیم اور کوپر کی اچھی خاصی تعداد موجود ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ شریفہ میں زود ہاضم فائبر (ریشے) کی خوبیاں بھی پائی جاتی ہیں۔شریفے میں موجود غذائی اجزاء ہماری صحت کیلئے نہایت مفید موثر ہیں۔شریفہ ذیابیطس ، آرتھرائیٹس،خون و دل کے امراض،سوزش اور PCOS کے علاوہ کئی امراض میں مفید بتایا جاتا ہے۔
مدافعتی نظام کو بہتر بنائے: شریفہ قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ وٹامن نہ صرف نہایت اعلیٰ قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ کا کردار ادا کرتا ہے بلکہ اس میں دافع سوزش اور مدافعتی نظام کو تقویت بخشنے کی خصوصیات بھی موجود ہوتی ہیں۔اپنی غذائی روٹین میں کریمی مزے کا حامل یہ پھل شامل کرکے ہم مختلف قسم کے انفیکشن کے باعث بیمار ہونے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
جلد کو خوبصورت و جواں بنائے: شریفے میں وٹامن اے اور سی کثیر تعداد میں موجود ہیں جو جلد،آنکھوں اور بالوں کی اچھی نشوونما و نگہداشت کیلئے فائدہ مند پھل ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کی صلاحیت جلد کو تروتازہ رکھنے میں موثر ہے۔اس کے مستقل استعمال سے جلد پر جھریاں اور باریک لکیریں بھی قبل از وقت واضح نہیں ہوتی ہیں۔ یہ خواتین کیلئے بہت کارآمد مفید پھل ہے۔خواتین میں پھیلنے والے مرض پولی سسٹک اوریز سنڈروم (PCOS)،موٹاپا،ماہواری کی بے قاعدگی،چہرے یا جسم پر بالوں کا بڑھ جانا اور بے اولادی اور شدید ڈپریشن جیسے مسائل کا سبب بنتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق پی سی او میں خواتین شدید کیلئے شریفہ بہت مفید ہے۔ شریفے کا مزاج سرد ہوتا ہے۔ اسے سردی کے موسم میں زیادہ مقدار میں کھانے سے گریز کرنا چاہیے ورنہ یہ بیمار بھی کر سکتا ہے۔شریفے کو اعتدال کے ساتھ اور مناسب مقدار میں کھانا چاہیے۔ شریفے کے بیجوں میں زہریلا مادہ ہوتا ہے لہٰذا بیج کو کھانے میں استعمال نہ کیا جائے۔ اس نرم و ملائم مکھن کی مانند گودے کے حامل پھل میں شوگر یعنی مٹھاس بڑی تعداد میں پائی جاتی ہے لہٰذا ذیابیطس کے مریضوں کو شریفہ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق کم مقدار میں استعمال کرنا چاہیے۔