ششی دھر ریڈی کی پولیس چلکل گوڑہ میں پیشی

   

حیدرآباد۔یکم اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد ایم ششی دھر ریڈی فروری 2019 ء میں ان کے خلاف درج مقدمہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں آج پولیس چلکل گوڑہ سے رجوع ہوئے۔ ششی دھر ریڈی نے محکمہ برقی کی لاپرواہی کے سبب برقی شاک سے ایک نوجوان کی ہلاکت کے خلاف ڈیویژنل انجنیئر کے دفتر واقع پدما راؤ نگر کے روبرو پرامن احتجاج منظم کیا تھا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو معاوضہ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے اگرچہ پولیس میں کوئی شکایت درج نہیں کی لیکن پولیس کانسٹبل کی شکایت پر ششی دھر ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ ٹی آر ایس قائدین نے پولیس مقدمہ درج کرنے کی ترغیب دی۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ جو کوئی بھی برسر اقتدار پارٹی سے اختلاف کرتا ہے ، اس کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنا حکومت کی عادت ہے۔