’شعلے‘ کے امام صاحب نے کبھی اپنی تنگدستی ظاہر نہیں کی

   

ممبئی: ہندوستانی فلم انڈسٹری کے سو سال بے شمارلوگوں کے مرہون منت ہیں اور انہی فنکاروں میں ایک نام ہے اے کے ہنگل کا ۔ اے کے ہنگل یعنی اوتار کشن ہنگل ایسے فنکار تھے جنہوں نے مفلسی، تنگدستی اور انتہائی تکلیف دے بیماریوں میں زندگی بسر کی مگرکبھی اپنی تکلیفوں کا کسی سے اظہار نہیں کیا۔ یہ بھرم بھی صرف موت سے ایک سال پہلے اتفاقیہ طور پر کھلا ۔یوں کہئے کہ موت نے بھی زندگی بھر خودداری کی چادر میں اپنا آپا چھپائے رکھنے والے فنکار کی لاج رکھی اوراس سے پہلے کہ خودداری کی قبا کھلتی انہیں 26اگست 2012 کو موت نے اپنی آغوش میں لے لیا ۔فلم شعلے ان کی بطور کریکٹر ایکٹر یادگار فلم ہے ۔ اس میں انہوں نے امام صاحب کاکردار ادا کیا تھا جبکہ ان کی دیگر مشہور فلموں میںنمک حرام، باورچی، چھپارستم، ابھیمان، آئینہ ، اوتار، ارجن، گرم ہوا، آندھی، کورا کاغذ، چت چور، انامیکا ، پریچے اورگڈی شامل ہیں۔ ان سب سے بڑھ کر فلم شوقین میں کی گئی ان کی اداکاری کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔