کپل دیو کو پیسے کی ضرورت نہیں ہے لیکن دوسروں کو ہے : سابق اسٹار بولر کا رد عمل
نئی دہلی 12 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ہندوستان و پاکستان کے مابین کورونا ریلیف اقدامات کی مدد کیلئے تین میچس کی سیریز کی تجویز پیش کی تھی جس پر ہندوستان کے سابق کپتان کپل دیو نے تنقید کی تھی ۔ شعیب اختر نے اپنے جواب میں کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کپل بھائی کو پیسے کی ضرورت نہ ہو لیکن دوسروں کو ضرور ہے ۔ چہارشنبہ کو شعیب اختر نے تجویز کیا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین صرف ٹی وی چینلس کیلئے تین میچس کی سیریز ہونی چاہئے تاکہ کورونا سے نمٹنے فنڈز جمع کئے جاسکیں۔ کپل دیو نے تاہم اس تجویز کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ ہندوستان کو رقم کی ضرورت نہیں ہے اور اس طرح کی سیریز کیلئے جان جوکھم میں نہیں ڈالی جاسکتی ۔ ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے شعیب نے کہا کہ ان کے خیال میں وہ جو کچھ کہنا چاہتے تھے وہ کپل دیو نے سمجھا نہیں ہے ۔ ہر کوئی معاشی طور پر پریشان ہونے والا ہے ۔ یہی وقت ہے کہ ہم مل کر بیٹھیں اور سوچیں کہ پیسے کہاں سے حاصل کئے جاسکیں۔ شعیب اختر نے کہا کہ دنیا بھر کے شائقین اس میچ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ کپل دیو کا کہنا ہے کہ انہیں رقم کی ضرورت نہیں ہے ۔ یقینی طور پر انہیں پیسے کی ضرورت نہیں ہے لیکن سبھی دوسروں کو ہے ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس تجویز پر جلدی ہی غور کیا جاسکتا ہے ۔ اختر نے کہا کہ وہ کپل دیو کا بہت احترام کرتے ہیں لیکن فی الحال وہ وسیع پس منظر میں سوچ رہے ہیں ۔ شعیب نے کہا کہ کپل بھائی ایک بہترین انسان ہیں اور وہ ہمارے سینئر ہیں۔ وہ بہت خیال رکھنے والے فرد ہیں اور اپنے مہمانوں کا اچھا خیال رکھتے ہیں۔ ان کا بھی ہندوستان میں اچھا خیال رکھا گیا تھا ۔ ان کے خیال میں انہیں پاکستان کے بعد سب سے زیادہ پرستاروں کی محبت کہیں ملی ہے تو وہ ہندوستان ہے ۔ لیکن فی الحال وہ ایک وسیع پس منظر میں سوچ رہے ہیں اور اسی کے تحت اپنی تجویز پیش کی تھی ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اس تجویز پر بہت جلد غور بھی کیا جاسکتا ہے ۔