شعیب بشیر اور اینڈرسن انگلش ٹیم میں شامل

   

وشاکھاپٹنم۔ انگلینڈ کے نوجوان اسپنر شعیب بشیر انگلینڈ کے ڈیبیو کے لیے تیار ہیں کیونکہ مہمان ٹیم نے ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کیا ہے، جو جمعہ کو یہاں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھرا ریڈی وی ڈی سی اے کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ نے حیدرآباد میں ابتدائی ٹسٹ جیتنے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں جس میں زخمی جیک لیچ کی جگہ نوجوان اسپنر شعیب بشیر کو پہلا ٹسٹ کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے جوکہ ویزا تاخیر سے ملنے کی وجہ سے حیدرآباد ٹسٹ نہیں کھیل پائے تھے ۔گزشتہ ہفتے میزبان ٹیم کے خلاف انگلینڈ کی 28 رنزکی سنسنی خیز جیت کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے لیچ نے اپنے بائیں گھٹنے کو زخمی کرلیا ہے۔ دوسری جانب تجربہ کار فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن ساتھی بولر مارک ووڈ کی جگہ ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل کپتان بین اسٹوکس کو یقین تھا کہ اگر بشیر دوسرے ٹسٹ کے لیے ساتھی اسپنرز ریحان احمد اور ٹام ہارٹلی کے ساتھ منتخب کیے گئے تو وہ ڈیبیو پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔