شفالی تینوں فارمٹ کھیلنے والی کم عمر ہندوستانی

   

انگلینڈ کیخلاف ونڈے انٹرنیشنل کیریئر کے آغاز کے ساتھ چنندہ کھلاڑیوں میں شامل

برسٹل : اوپنر شفالی ورما اتوار کو سب سے کم عمر ہندوستانی کرکٹر بن گئیں جس نے تمام فارمیٹ کھیلے ہیں۔ شفالی کو آج یہاں انگلینڈ کے خلاف پہلے ونڈے انٹرنیشنل کے لئے ٹیم میں منتخب کیا گیا۔ اپنے پہلے ونڈے میں شفالی نے 14 گیندوں میں 15 رنز اسکور کئے۔ اس کے بعد کیتھرین برنٹ نے اسے آؤٹ کیا۔ ہریانہ کی لڑکی نے 17 سال 150 دن کی عمر میں تینوں فارمیٹ میں اپنے کیریئر کی شروعات کرلی ہے۔ عالمی سطح پر افغانستان کے مجیب الرحمن اس معاملہ میں سب سے آگے ہیں۔ جبکہ اس فہرست میں شفالی کا نمبر 5 واں ہے۔ مجیب نے 17 سال 78 دن کی عمر میں اپنے تمام فارمیٹ میں کیریئر کی شروعات کرلی تھی۔ جس کے بعد انگلینڈ کی سارا ٹیلر (17 سال 86 دن)، آسٹریلیا کی ایلیس پیری (17 سال 104 دن) اور پاکستان کے محمد عامر (17 سال 108 دن) کا نمبر ہے۔ شفالی نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹسٹ میں اپنے کیریئر کا یادگار آغاز کرتے ہوئے 96 اور 63 رنز اسکور کئے تھے۔ یہ ٹسٹ گزشتہ ہفتہ سنسنی خیز انداز میں ڈرا ہوگیا۔ شفالی سب سے کم عمر بیاٹر بنی جس نے ویمنس ٹسٹ میں کیریئر کے آغاز پر دو ففٹیز اسکور کئے۔ شفالی ستمبر 2019 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد سے 22 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں تین ہاف سنچریوں کی مدد سے 617 رنز بنا چکی ہیں۔