شمالی سیناء میں مصری فورسز کی کارروائی میں چار جنگجو ہلاک

   

قاہرہ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہاہے کہ یہ چاروں جنگجو صوبائی دارالحکومت العریش سے جنوب میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ہیں۔پولیس نے ان کے قبضے سے خودکار آتشیں رائفلیں ، بم اور خودکش جیکٹیں بھی برآمد کر لی ہیں۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ چاروں جنگجو گذشتہ بدھ کو شمالی سیناء میں پولیس کے ایک چیک پوائنٹ پر حملے میں ملوث تھے۔اس حملے میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔اس حملے کے بعد مصری سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چودہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا تھا۔مصری فوج نے جزیرہ نما سیناء میں گذشتہ کوئی سوا ایک سال کے دوران میں مختلف اوقات میں سیکڑوں جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کی اطلاعات دی ہیں۔مصری فوج صدر عبدالفتاح السیسی کے حکم پر گذشتہ سال فروری سے ’’سیناء 2018ء ‘‘ کے نام سے داعش کے انتہا پسندوں کے قلع قمع کے لیے بڑی فوجی کارروائی کررہی ہے۔مصری فوج شمالی سیناء کے علاوہ وسطی نیل ڈیلٹا اور لیبیا کی سرحد کے ساتھ واقع مغربی صحرا میں بھی جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔