شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل تجربہ ، امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کی مذمت

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے دفتر کی طرف سے ایک میڈیا نوٹ جاری کیا گیا ہے جس میں امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن، جاپانی وزیر خارجہ حیاشی یوشیماسا، اور جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ پارک جن کا مشترکہ بیان شامل ہے۔ بیان کیمطابق امریکہ ، جنوبی کوریا، اور جاپان نے 12 جولائی 2023 کو شمالی کوریا کی طرف سے ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) تجربے کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی واضح اور صریح خلاف ورزی ہے اور جزیرہ نما کوریا اور اس سے باہر کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے اس میزائل کی لانچ سے علاقہ میں شہری ہوا بازی اور سمندری ٹریفک کے تحفظ کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کریں گے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ان قراردادوں پر مکمل طور پر عمل درآمد ہو جن کے تحت شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ بیان میں امریکہ نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ جنوبی کوریا اور جاپان کے دفاع کیلئے اس کے وعدے پکے ہیں اور اسکے لئے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا، جن میں جوہری صلاحیت بھی شامل ہے۔